اے پلس اسائنمنٹ بنانے کے لیے چند مفید مشورے اور بنیادی اصول

 تحریر و آئیڈیا ۔۔۔ رانا آصف شہزاد علی

اے پلس اسائنمنٹ بنانے کے لیے چند مفید باتیں اور ٹپس


پیش لفظ

تحریری اسائنمنٹس تعلیم کے حصول کا لازمی حصہ ہیں اور اس میں مہارت کے لئے ہائی اسکول اور کالج میں اساتذہ کی جانب سے طلبا کو کافی مشقیں بھی کروائی جاتی ہیں۔ ہر طرح کے مضمون کی تیاری اور امتحانات کا مقصد طلبا کی مختلف مہارتوں کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔

ایک دلیل والا مضمون آپ کو دلائل دینا سکھاتا ہے اور ایک وضاحتی مضمون آپ کے خیالات کو شکل دینے کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے جبکہ حقائق سے متعلق مخصوص اسائنمنٹس اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ آپ نے کسی مضمون کو کتنی اچھی طرح سیکھا ہے۔ آپ کسی مضمون میں تحریری اور علمی مہارت حاصل کرنا اور اپنے اسائنمنٹس میںاچھے نمبر لینا چاہتے ہیں تو ذیل میں درج مشوروں پر عمل کریں۔

اے پلس اسائنمنٹ بنانے کے لیے چند مفید باتیں اور ٹپس

اسائنمنٹ کی تیاری اسکول میں ملنے والے ہوم ورک کی ایک شکل ہےمگر اسائنمنٹ کا لفظ زیادہ تر کالج اور یونیورسٹی لائف میں سننے میں آتا ہے۔جو طالب علم اسائنمنٹ بنانے میں مہارت رکھتے ہیں، ان کے لیےیہ مہارت نہ صرف اچھے گریڈز کی ضمانت ہوتی ہے بلکہ کیریئر میںبھی ترقی کا سبب بنتی ہے۔۔ ہر طالب علم اسائنمنٹ تیار کرنے لیے مختلف طریق کار اپناتا ہے لیکن کچھ بنیادی تجاویز ایسی ہیں، جنہیں اگرکسی بھی اسائنمنٹ کی تیاری میں اپنایا جائے تو نتیجہ بہترین اسائنمنٹ کی صورت میں نکلتا ہے۔

بہترین اسائنمنٹ کی خصوصیات

سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک بہترین اسائنمنٹ میں کون کون سی خصوصیات ہوتی ہیں۔٭ ایک بہترین اسائنمنٹ اپنے مقاصد کی واضح ترجمانی کرتے عنوان کو درست انداز میں بیان کرتا ہے۔٭ایک کامیاب اسائنمنٹ کی تیاری کے دوران کسی بھی مواد کو محض دوبارہ سے لکھنے کے بجائے درکار معلومات پر اسباب ودلائل دیے جاتے ہیں ۔ ٭مضمون کی ترتیب ثبوت وتحقیق کی روشنی میں مرتب کی جاتی ہے۔ ٭بحث ومباحثہ اصولوں، نظریات اور دلیلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب میں پیش کیا جاتا ہے۔ ٭عنوان سے مطابقت رکھنے والے سوالوں پر توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے۔ ٭مضمون میں نت نئے آئیڈیاز گرامر،حروف تہجی اور الفاظ کی غلطیوں سے مبراء واضح انداز میں درج کیے جاتے ہیں ۔ ٭موضوع دلچسپ اورمتاثر کن انداز میں عنوان کاحصہ ہوتا ہے۔ نہ لفظوں کی طوالت قاری کواکتاہٹ پر مجبو ر کرتی ہے اور نہ ہی لفظوں کی کمی کسی بھی جملے یا پیراگراف کو واضح انداز میں بیان کرنے سے روکتی ہے۔منصوبہ بندیپہلے مرحلہ میں آپ اسائنمنٹ میں شامل کی جانے والی تحقیق کے متعلق منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ مثلا ًاس بات کا فیصلہ کریں کہ آپ نےکتنی معلومات شامل کرنی ہیں، آئیڈیاز کی تعداد اور ترتیب کیا ہوگی، ان سب فیصلوں کےبعد آگے ریسرچ کے لیے قدم بڑھائیں۔٭اسائنمنٹ لکھنے کے ضروری مراحل کی فہرست ترتیب دیتے ہوئے توجہ مرکوز کرلیں۔٭تمام تر معلومات حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کریں ۔٭جیسے ہی آپ کو کورس سے متعلق اسائنمنٹ آؤٹ لائن دی جائے، غوروفکر کرنا شروع کردیں۔ ٭عنوانات سے متعلق لیکچرز،ٹیوٹوریلز اوردستیاب معلومات پڑھنا شروع کردیں۔

معلومات کہاں سے حاصل کریں؟

اسائنمنٹ میں شامل کی جانے والی معلومات کے لیے لائبریری جائیں، نامور مصنفین اور پبلشرز کی جانب سے شائع کی گئی کتابوں اور مضامین میں درج معلومات بمعہ حوالہ جات شامل کریں۔ درسی کتابوں کے بجائے آرٹیکل کا حوالہ لینے کی کوشش کریں۔

نظم وضبط

بہت سے موضوعات جن کو آپ کالج میں پڑھتے ہیں وہ کثیر الضابطہ ہوتے ہیں اور مختلف نقطہ نظر سے ان کا احاطہ کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اسائنمنٹ تیار کرتے وقت بعض معلومات آپ کی استدلال میں معاون یا تکمیلی امور سے متعلق ہوسکتی ہے لیکن آپ کویہ یقینی بنانا ہے کہ موضوع کے حوالے سے جو ہدایات دی گئی ہیں ان پر عمل کریں۔ اگر آپ نے صحیح معنوںمیں اپنے مضمون کا مطالعہ کر رکھاہے تو آپ نظم و ضبط کی پابندی کرتے ہوئے اس پر اچھا خاصا لکھ سکتے ہیں۔

فارمیٹ اور حوالہ جات

اسائنمنٹ میں استعمال کردہ ذرائع، ٹائٹل پیج، ہیڈر، فوٹ نوٹ اور متن میں حوالہ جات کی فہرست بنانے کے لیے ہر تعلیمی انداز کی اپنی سخت شرائط ہوتی ہیں۔ ضروری ہے کہ ان میں اختلاط نہ کریں کیونکہ ایسی تفصیلات آپ کے مجموعی گریڈکو متاثر کرسکتی ہیں۔

اس وجہ سے ان خصوصیات کا مطالعہ کرنے اور اپنے مضمون کو عمدہ شکل دینے کے لیے وقت نکالیں۔ مزید برآں، کتابوں کے حوالے (Bibilography)دیں تو اسے ایک نظر دوبارہ دیکھ لیں۔ یاد رکھیں، اگر آپ کسی بات کا صحیح حوالہ پیش کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو یہ آپ کے گریڈز پر منفی اثر ڈالے گا۔

مطالعہ اور اہم پوائنٹس کے نوٹس

جن کتابوں کی ضرورت ہو ان کومطالعہ کے لیے علیحدہ کرلیں۔ مطالعہ کرنے سے قبل ایک بڑی تصویر ذہن میں رکھیں اور کسی بھی ذریعہ معلومات میں شامل مضامین اور مواد کا تنقیدی جائزہ شامل کریں۔ تنقیدی جائزہ کے لیےسب سے پہلے یہ پڑھیںکہ لکھاری نے منتخب کیے گئے پیراگراف میں کیا لکھا ہے۔ ان تمام معلومات کا خلاصہ اپنے الفاظ میں ایک کاغذ پر لکھتے جائیں مثلاً ایسے 50کلیدی الفاظ کی فہرست ترتیب دیں جو آپ کے مطالعہ تحقیق اور تحریر کی بنیاد میں شامل کیے جاسکیں لیکن معنی و مطالب

 برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔ لائن چھوڑ کرلکھنے سے گریز کریں، اس کے علاوہ لکھاری اور پبلشر کا نام لازمی اپ پاس محفوظ رکھیں۔ اس طرح آپ جلد از جلد اور زیادہ سے زیادہ معلومات بآسانی شامل کرپائیں گے۔

اسائنمنٹ کا تعارف وضاحت اور اختتامیہ

اسائنمنٹ کے تعارف میں کسی بھی واقعہ یا معلومات کا بیک گراؤنڈ شامل کرنے سے گریز کریں۔ تعارف میں صرف اسائنمنٹ کے عنوان سے متعلق معلومات شامل کی جائیں مثلاًیہ بتایا جائے کہ اسائنمنٹ کس بارے میں ہے، کیوں دلچسپ اور اہم ہے۔ اگر اسائنمنٹ 500 سے 800لفظوں پر مشتمل ہو تو تعارفی طور پر ایک پیراگراف لکھیں جبکہ 1500لفظوں پر مشتمل اسائنمنٹ کے لیے 2 پیراگراف لکھیں۔

وضاحتی پیراگراف میں آپ عنوان کا بیک گراؤنڈ اور وہ تمام نوٹس شامل کرسکتے ہیں، جنہیں آپ نے مطالعے کے دوران علیحدہ کاغذپر اتارا تھا۔ مشکل اصطلاحات دائرے میں لکھی جا سکتی ہیں یا ہر اہم اصطلاح کے فلیش کارڈز بنائے جاسکتے ہیں۔

تیسرا مرحلہ اختتامیہ کا ہے، جوکہ بے حداہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس میں پورے مضمون کا خلاصہ مختصر اور واضح انداز میں درج کریں۔ اختتامیہ میں بحث ومباحثہ یا تمام تر معلومات شامل کرنے کے بجائےان کا خلاصہ آسان اور فہم انداز میں درج کریں۔ 




Comments

Post a Comment

Popular posts from this blog

"فلسفہء زکوٰۃ " مسائل زکوٰۃ ، مصارف اور اہمیت

Self-Employment

اپنی اور اپنے بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کی پہچان کیسے کریں؟