طلباء وطالبات متاثر کن کلاس پریزینٹیشن کیسے تیار کریں ؟
تحریر و آئیڈیا
رانا آصف شہزاد علی
بہترین کلاس پریزنٹیشن کے لیے تیاری کیسے کریں؟
عمومی طور پر اچھی پریزنٹیشن میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ مواد کو حاضرین کے سامنے پیش کرنے کے لیے آپ نے کمپیوٹر اور دیگر جدید ایپس کا کس قدر مؤثر استعمال کیا ہے۔ ہرچندکہ پریزنٹیشن کے مواد کو خوبصورت انداز میں پیش کرنے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں لیکن آج کے آرٹیکل میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ پریزنٹیشن دینے کے لیے آپ کی اپنی شخصی تیاری کیسی ہونی چاہیے اور آپ اپنی بات کس طرح اپنے حاضرین تک مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں، کیوں کہ بہرحال اسکرین پر دِکھائی جانے والی سلائیڈز اس وقت ہی پُراثر ثابت ہوسکتی ہیں، جب آپ نے مضمون کے بارے میں ٹھیک تیاری کی ہوئی ہو اور یہ جانتے ہوں کہ آپ نے اسے کس طرح پیش کرنا ہے۔
دوران پریزنٹیشن اگر آپ سامعین کے سامنےاپنے مقصد کی وضاحت کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مطلوبہ ردعمل بھی آپ کے لیےجاننا آسان ہوجائے گا۔مقصد کی وضاحت کے لیے سامعین کی شناخت کرلیں،غیر ضروری گفتگو سے بچیں ،واضح اور براہ راست طورپر گفتگو کرنے کے لیےپیشہ ورانہ انداز اپنائیں۔ یہ سوچنے کے بجائے کہ لوگ آپ کو دیکھ کر کیا سوچ رہےہیں، آپ اس پر توجہ مرکوز کریں کہ اس پریزنٹیشن کے ذریعے آپ لوگوں کو کیا پیغام دیناچاہتے ہیں۔ یہ طریقہ کار آپ کو نروس ہونے سے بچائے گااور آپ مثبت انداز میںاپنامقصد زیادہ واضح انداز اور توانائی کے ساتھ سامعین تک پہنچاپائیں گے۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
اپنے حاضرین کے بارے میں سوچیں۔ اس بات پر سوچ بچار کریں کہ آپ کے حاضرین کے لیے وہ معلومات ضروری کیوں ہے جو آپ دے رہے ہیں اور اس موضوع کے متعلق کون سی بات اُن کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگی۔
واضح کریں کہ حاضرین کو کیا کرنا چاہیے۔ آپ کی بات کے شروع سے ہی تمام سامعین کو یہ اندازہ ہونا چاہیے کہ ’’یہ باتیں میرے لیے ہیں‘‘۔ جیسے جیسے آپ اہم نکات پر بات کرتے ہیں، یہ واضح کریں کہ وہ اِن پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔
گھماپھرا کر بات کرنے کی بجائے صاف اور واضح بات کریں۔
- مؤثر اور سادہ تمہید باندھنا
تمہید سے مراد ایسی لطیف گفتگو جو سننے والوں کی دلچسپی کو بڑھائے۔انہیں اٹریکٹ کرے اور توجہ و انہماک کا سماء بنانا۔ حاضرین کے دل میں دلچسپی پیدا ہونی چاہیے، موضوع نمایاں ہونا چاہیے اور یہ واضح ہونا چاہیے کہ انھیں اِس موضوع میں دلچسپی کیوں لینی چاہیے۔ کوئی ایسا سوال، بات، حقیقی واقعہ یا خبر چُنیں جس سے سامعین کے دل میں دلچسپی پیدا ہو۔
- آؤٹ لائن تیار کر لیں
اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کی پریزنٹیشن طویل ہے یا مختصر؟ پریزنٹیشن کی تحریری آؤٹ لائن کی تیاری خاص اہمیت رکھتی ہے۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی پریزنٹیشن منطقی طریقہ کا ر کے تحت ترتیب دی گئی ہے۔آؤٹ لائن تیارکرتے وقت اہم نکات پوائنٹس کی صورت میں لکھ لیں۔ اعدادوشمارکے ذریعے بھی مقاصد کی وضاحت کی جاسکتی ہےلیکن اعداد و شمار کے بہت زیادہ استعمال سے اجتناب کریں کیونکہ مشکل معلومات سامعین کے لیے سمجھنا مشکل ہوسکتا ہے۔ایک بار جس نکتے کو آؤٹ لائن کے لیےمنتخب کرلیں پھر اس کے متعلق سوچیں کہ آپ اسے کس طرح سامعین کے سمجھنے کے لیے آسان بناسکتے ہیں۔ آؤٹ لائن میںاہم نکات پر گفتگو کرنے کے لیے پوری تقریر لکھنے کے بجائے ’کی ورڈز‘ لکھیں جن پر نظر پڑتے ہی آپ کو یاد آجائے کہ کون کون سی ضروری معلومات دینی ہے۔ یہ طریقہ کار آپ کی پریزنٹیشن کوغیر معمولی بنا دے گا۔
- ناظرین کی توجہ حاصل کریں
چاہے آپ کی آڈینس ورکرز ہوں،کولیگز ہوں یا پھر آپ کے کلائنٹس، پریزنٹیشن کے ابتدائیہ پیراگراف یا تعارف میں ہی اس بات کا تعین کرلیں کہ کس طرح آپ حاضرین کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اگرآپ ابتدا میں ہی آڈینس کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پریزنٹیشن کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوجاتے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کا مرکزی خیال یا عنوان اتنا متاثر کن ہونا چاہیے کہ سامعین اس کی وضاحت جاننے کے لیے بے تاب ہوں۔ دوسری جانب ایک مؤثر تعارف کی تیاری کے لیے آپ انٹرنیٹ پر معروف اسپیکر ز کی تقاریر دیکھ سکتے ہیں اور غور کرسکتے ہیں کہ وہ کس طرح ابتدا سے ہی حاضرین کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں۔
- فطری یعنی فی البدیع انداز میں بات کرنا
باتفطری انداز میں بات کریں لیکن حد سے زیادہ بےتکلف نہ ہوں۔ اِس طرح بولیں کہ آپ کے الفاظ صاف اور واضح سنائی دیں اور آپ کے جملے گرامر کے قواعد کے مطابق ہوں تاکہ آپ کے پیغام کی اہمیت برقرار رہے۔ اگر مناسب ہو تو سامعین کی آنکھوں میں دیکھ کر بات کریں۔ جب آپ تقریر کررہے ہوں تو ایک وقت میں سامعین میں سے کئی لوگوں کو دیکھنے یا اُن پر نظر ڈالنے کی بجائے کسی ایک شخص کو دیکھیں۔
- درست اور قائل کرنے والی بات
قابلِ بھروسا معلومات دیں تاکہ سامعین صحیح نتیجے پر پہنچ سکیں۔ اگر آپ سائنسی حقائق، کسی خبر، تجربے یا کسی اور ثبوت کا ذکر کرتے ہیں تو یہ یقین کر لیں کہ آپ کی معلومات قابلِ بھروسا اور تازہ ترین ہیں۔ حقائق اور اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر بیان نہ کریں۔ مثال کے طور پر’’کچھ لوگوں‘‘ کی جگہ ’’زیادہ تر لوگ‘‘ نہ کہیں یا ’’کبھی کبھار‘‘ کی جگہ ’’اکثر‘‘ یا ’’ہمیشہ‘‘ نہ کہیں۔
- متعلقہ اور قابل عمل مثالیں دینا
دینامؤثر طریقے سے پریزنٹیشن دینے کے لیے ایسی سادہ مثالیں اِستعمال کریں جو حاضرین کے دل کو چُھو لیں اور جن سے وہ اہم نکات کو سمجھ جائیں۔ ایسے کاموں اور چیزوں کی مثالیں دیں جن سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ اِس بات کا دھیان رکھیں کہ آپ کی مثالوں سے سامعین نہ تو شرمندہ ہوں اور نہ ہی اُنہیں ٹھیس پہنچے۔ اہم نکات کو سمجھانے کے لیے مثالیں دیں نہ کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو۔ اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے حاضرین صرف آپ کی دی ہوئی مثال کو نہیں بلکہ اِس کے ذریعے سکھائے جانے والے سبق کو بھی یاد رکھیں۔
- آواز میں اہمیت کے پیش نظر درست اتار چڑھاؤ
چڑھاؤآواز کو اُونچا یا دھیما کرنے، لہجہ بدلنے اور تیز یا آہستہ بولنے سے اپنے خیالات کو واضح کریں اور سامعین کے احساسات کو اُبھاریں۔ اہم نکات کو نمایاں کرنے اور سامعین کو کچھ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اپنی آواز کو اُونچا کریں۔ سامعین کے دل میں تجسّس پیدا کرنے یا خوف یا پریشانی جیسے احساسات کا اِظہار کرنے کے لیے اپنی آواز کو دھیما کریں۔متفرق جذبات اور احساسات جیسے کہ خوشی، جوش، غم، افسوس یا پریشانی کا اِظہار کرتے وقت اپنا لہجہ بدلیں۔ خوشی کا اِظہار کرتے وقت تیز بولیں جبکہ اہم نکات پر بات کرتے وقت آہستہ بولیں۔ ایک دَم سے اپنی بولنے کی رفتار نہ بدلیں ورنہ سامعین پریشان ہو جائیں گے۔ اِتنا تیز نہ بولیں کہ سامعین آپ کی بات ہی نہ سمجھ پائیں۔
- چہرے کا پر اعتماد اور اطمینان بھرا تاثر دیں۔
چہرے پہ اعتماد اور یقین کا تاثر آپ کے بولنے کے انداز میں ٹھہراؤ اور اطمینان کا مظہر ہوتا ہے اور اس چیز کا اظہار بھی کہ آپ نے متعلقہ ٹاپک کو اچھے اور بہترین انداز میں تیار کیا ہے۔ اس کا اثر یہ ہوگا کہ سامعین و حاضرین آپ کے اعتماد و اطمینان کو دیکھتے ہوئے کوئی پیچیدہ سوالات نہیں کریں گے۔
- اچھا اور پر وقار لباس زیب تن کریں
اچھا اور پروقار لباس انسان کے سوبر ذوق اور انتخاب کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ وقت کے مطابق بہتریں رنگوں کا انتخاب کریں جو دیکھنے والے کو متاثر بھی کرے اور ان کی آنکھوں کو بھلا بھی لگے۔ اگر پینٹ ڈارک رنگ کی ہو تو ساتھ میں شرٹ برائیٹ کلر کی ہونی چاہیئے ۔ نمایاں اور روشن رنگ دیکھنے والے کی طبیعت پہ اچھا تاثر قائم کرتے ہیں ۔اور پریزینٹر کی روشن خیالی کی بھی علامت سمجھی جاتی ہے ۔
- اہم نکات کوموثر انداز میں نمایاں کرنا
اِس بات پر غور کریں کہ آیا آپ کی پریزنٹیشن کا مقصد لوگوں کو معلومات دینا ہے، انہیں قائل کرنا ہے یا انہیں کچھ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی بات کو آگے بڑھائیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ تمام اہم نکات کے ذریعے آپ اپنے مقصد کو حاصل کر سکیں۔
- پورے یقین سے اور وثوق سے بات کرنا
ایسے الفاظ استعمال کریں جن سے ظاہر ہو کہ آپ کو اپنی بات پر پورا یقین ہے۔ مواد کو ہوبہو پڑھنے کی بجائے اپنے لفظوں میں بیان کریں۔ ایسے الفاظ چُنیں جن سے ظاہر ہو کہ آپ کو اُن باتوں پر پورا یقین ہے جو آپ کہہ رہے ہیں۔
- درست اور آپڈیٹڈ معلوماتی مواد پیش کرنا
ایسے نکات پر کم وقت لگائیں جن سے حاضرین واقف ہیں جبکہ ایسے نکات پر زیادہ وقت لگائیں جو اُن کے لیے نئے ہیں۔
- موثراختتام
اختتام کو اپنے موضوع کے ساتھ جوڑیں۔ اہم نکات اور مرکزی خیال کو دُہرائیں۔ خلوصِ دل اور پورے یقین سے بات کریں۔ جلدی جلدی اختتام نہ کریں۔ آخری چند جملے اس طرح سے کہیں کہ یہ واضح ہو کہ آپ کی پریزنٹیشن ختم ہو رہی ہے۔
Zabardast Sir G
ReplyDeleteZINDABAD SIR G ZINDABAD NICE AND VERY HELPFUL REGARDS USMAN SHAHID
ReplyDeleteReally helpful information for students
ReplyDeleteVery informative
ReplyDeleteThank you Sir very informative and helpful for us.
ReplyDeleteJAZAK ALLAH